لاہور ( این این آئی) برطانوی ملکہ کی جانب سے پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کو دئیے جانے والے ’’سر ‘‘کے خطاب کو واپس کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کی 50سالہ تقریبات کے موقع پربرطانوی ملکہ نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو سر کا خطاب دیا۔ تاہم وزیر اعظم نے سر کا خطاب وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر وصول کیا جو کہ آئین کے آرٹیکل 2 اے اور249کی سنگین خلاف ورزی ہے۔درخواست میں بتایا گیا کہ بھارتی وزیر اعظم نے اپنے ملک کی پچاس سالہ تقریبات پر برطانوی ملکہ کی جانب سے سر کا خطاب قومی مفاد میں وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت آئین کی خلاف ورزی پروزر اعظم کو سر کا خطاب ملکہ برطانیہ کو واپس کرنے کے احکامات صادر کرے۔