کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اورسابق وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی حکومت گرانا نہیں چاہتی،انہوں نے کہاکہ اگرہم حکومت گراناچاہیں تویہ چٹکیوں کاکام ہے جبکہ عمران خان توحکومت کوگرانے کےلئے تیاربیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ میں شرکت کی دعوت دی تو اس میں شرکت کافیصلہ قیادت کرے گی ۔قمرزمان کائرہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاناما لیکس پر نواز شریف اور انکے بیٹے الزامات مان چکے ہیں۔ بہاماس لیکس پر تو اسحاق ڈار فورا کارروائی کر رہے ہیں پاناما لیکس پر کارروائی کیوں نہیں کرتے۔ ایک سوال کے جواب میں۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے توسیع نہ لینے کا اچھا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت پروپیگنڈا کر رہا ہے مگر کل بھوشن یادیو کا نام وزیراعظم نواز شریف کے منہ سے کیوں نہیں نکلتا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کاکشمیرپرموقف شروع سے ایک ہی ہے اورکشمیرکامسئلہ ہمارے منشورکاحصہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کومقبوضہ کشمیرمیں مظالم بندکرنے چاہییں ۔قمرزمان کائرہ نے کہاکہ اقوام عالم بھارت کے مظالم کے خلاف ایکشن لے ۔