لاہور (این این آئی )وفاقی وزیر دفاعی پیداوار ،سائنس ا ینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اور بھارت کا پاکستان کی افواج کی صلاحیتوں سے کوئی مقابلہ نہیں ، بھارت نے کشمیر میں جاری اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لئے ازخود اڑی کا ڈرامہ رچایا اور اب وہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہونے سے بچنا چاہتا ہے لیکن ایسا نہیں ہو گا ، بھارت کی دھمکیاں صرف گیدڑ بھبھکیاں ہیں ، افواج پاکستان اور پوری قوم اس کی کسی بھی بھونڈی حرکت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے ،عمران خان اپنے سیاسی طریقہ کار پر نظرثانی کر یں ،ہر وقت میں نہ مانوں کی رٹ چھوڑ کر سنجیدہ اور عوامی مسائل کی سیاست کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈیفنس میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لئے ازخود اڑی واقعہ کاڈرامہ رچایا ،بھارت اڑی واقعہ کے ذریعے دنیا کے سامنے بے نقاب ہونے سے بچنا چاہتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے جس مدلل انداز میں اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر بیان کیا ہے اس سے بھارت مزید سیخ پا ہو گیا ہے ۔مگر بھارت میں اتنی جرا ت نہیں ہے کہ وہ پاکستان سے جنگ کرے، وہ صرف گیدڑ بھبھکیاں دیتا ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی ایسی ویسی حرکت کی تو افواج پاکستان اور پو ری قوم بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیا رہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کا پاکستانی فوج کی صلاحیتوں کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں کیا جا سکتا،پاکستانی فوج پو ری دنیا کی بہترین فوجوں میں سے ایک ہے ،اس وقت دنیا کی بہترین میزائل ٹیکنالوجی ہمارے پاس ہے ، ہم اپنی ائیرکرافٹ خود بنا رہے ہیں لیکن بھارت میں اتنی صلاحیت بھی نہیں ہے کہ وہ ائیر کرافٹ ہی بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل بھارت کے اندر کے معاملات خراب ہیں جن کو چھپانے کیلئے وہ پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے ،مودی پر پاکستان اور مسلمان دشمنی کا جنون سوار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ، روس کے ساتھ تعلقات بہتر ہورہے ہیں اور مزید بہتر ہوں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ اپنے سیاسی طریقہ کار پر نظرثانی کر یں ،سنجیدہ اور عوامی مسائل کی سیاست کریں ،انہوں نے ہر وقت میں نہ مانوں کی رٹ لگائی ہوئی ہے ،عوام نے ان کی احتساب مارچ تحریک کومسترد کر دیا ہے ،ان کی کراچی میں احتساب مارچ میں عوام کی مایوس کن شرکت سے بھی ان کی آنکھیں نہیں کھلیں ، عمران خان بیوقوفوں والی باتیں کر تے ہیں ، یہ کہنا بھی بہت بڑی بے وقوفی ہے کہ احتجاجی تحریک میں میرے ساتھ کوئی بھی نہ رہا تو میں اکیلا بھی دھرنے دوں گا، انشاء اللہ وہ اکیلے ہی رہ جائیں گے ۔