لاہور (این این آئی)پنجاب میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے فوج و رینجرز طلب کرنے کی منظوری دیدی گئی ،فوج اور رینجرز پنجاب کے 21 انتہائی حساس اضلاع میں تعینات ہو گی، پنجاب حکومت آئندہ چند روز میں سمری وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوائے گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں محرم الحرام کے دوران امن قائم رکھنے کے لئے فوج و رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ محکمہ داخلہ کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب کی سربراہی میں فوج و رینجرز کی 60 کمپنیاں طلب کرنے کے لئے منظوری دی گئی ۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ساہیوال، گوجرانوالہ، راولپنڈی سمیت 21دیگر حساس اضلاع میں فوج اور رینجرز کی کمپنیوں کو تعینات کیا جائیگا۔ فوج او رینجرز کچھ اضلاع میں یکم محرم ، بعض اضلاع میں 4، 9اور 10محرم کو تعینات ہو گی۔ لاہور میں 3 فوج اور 3رینجرز کی کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ راولپنڈی میں 10فوج و رینجرز کی کمپنیاں تعینات ہوں گی۔ رحیم یار خان میں 3فوج ، 2رینجرز، ڈیرہ غازیخان میں فوج اور رینجرز کی چار، چار کمپنیاں تعینات ہوں گی جبکہ پنجاب کے کئی ایسے اضلاع جہاں پر مکمل طور پر امن قائم ہے اور وہاں فو ج و رینجرز تعینات نہ ہو گی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور راناثنا اللہ خاں کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں فوج و رینجرز امن و امان قائم رکھنے کے لئے طلب کی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے فوج اور رینجرز کی مدد طلب کرنے کے لئے جلد سمری وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجوا دی جائیگی۔