متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی ،وفاق ،سندھ حکومت اور تحریک انصاف کاموقف سامنے آگیا
اسلام آباد (آئی این پی) وفاق ،سندھ حکومت اور تحریک انصاف نے متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی لگانے کی مخالفت کردی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کا تجربہ ماضی میں درست نہیں رہا دوبارہ وہی تجربہ دوہرانے کی ضرورت نہیں، مشیر قانون سندھ مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ایک سیاسی حقیقت ہے پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے، رہنما تحریک انصاف عارف علوی نے کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی لگانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، نیشنل عوامی پارٹی پر پابندی لگائی گئی وہ عوامی نیشنل پارٹی بن گئی۔وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے پہلے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اعلان کیا آج واضح انداز میں ہر تعلق ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے ،بھائی اور قائد جیسے خطاب بھی استعمال کرنا بند ہوچکے ہیں،جس دن الطاف حسین نے پاکستان مخالف نعرے لگوائے اس دن میں نے فاروق ستار سے رابطہ کیا وہ کافی پریشان تھے، انہوں نے کہا کہ تسلیم کرنا چاہیے کہ فاروق صاحب نے درست فیصلہ کر کے درست سمت میں قدم بڑھایا ، فاروق ستار جرائم پیشہ افراد کے خلاف صوبائی حکومت کی کاروائی میں ساتھ دیں، جرائم میں ملوث اور قانون کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے،انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کے تجربے کیے ہیں لیکن اب وہی تجربہ دوہرانے کی ضورت نہیں ، ہمیں بھی چاہیے کہ ایم کیو ایم پاکستا ن کی سیاست میں مثبت کردار ادا کرتی رہے۔ مشیر قانون سندھ مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ اگر کسی پارک پر کنسٹرکشن کی گئی ہے تو ریاست کاروائی کا اختیار رکھتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کی اجازت دی ہے،ایم کیو ایم ایک سیاسی حقیقت ہے ، پیپلز پارٹی کا موقف کلئیر ہے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے،پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہمیں اپنے مقصد پر توجہ دینی چاہیے۔تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کا کہنا تھا کہ صرف بین لگانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا25-30 سال میں کراچی میں جو قتل و غارت ہوئی اس میں اکیلا الطاف ذمہ دار نہیں، ماضی میں نیشنل عوامی پارٹی پر پابندی لگائی گئی وہ عوامی نیشنل پارٹی بن گئی، سیاسی جماعت پر پابندی کا ماضی میں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔(ح ب)
متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی ،وفاق ،سندھ حکومت اور تحریک انصاف کاموقف سامنے آگیا
27
اگست 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں