کراچی(این این آئی)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ ڈی جی رینجرز میجرجنرل بلال اکبر نے امن کی بحالی کیلئے جرائم پیشہ اور شرپسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ہفتہ کو ڈی جی رینجرزمیجرجنرل بلال اکبرنے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیر اعلی ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ٹارگیٹڈ آپریشن اور امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ملاقات کے دوران ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امن کی بحالی کیلئے پولیس رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپس میں تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ شر پسندوں کے خلاف کارروائیوں سے مثبت نتائج ملے ہیں۔ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی جڑیں اکھاڑ دی جائیں گی۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والے جرائم پیشہ افراد سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی حکومت کا عزم ہے جو ہر صورت میں پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپس میں مکمل تعاون ہے جس کے باعث شہر میں شرپسندوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔