اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے لیبر ونگ میں اختلافات اور تقسیم کی خبروں کو بے بنیاد قراردیا ۔ جمعہ کوتحریک انصاف کے مرکزی صدر لیبر ونگ اشرف سوہنا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا لیبر ونگ مکمل طور پر پاکستان مارچ کی نا صرف حمایت کرتا ہے بلکہ اسکی تیاریوں میں بھی سرگرم ہے۔تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک وضاحتی بیان میں مرکزی صدر لیبر ونگ پاکستان تحریک انصاف اشرف سوہنا نے لیبر ونگ کے سابق عہدیداروں کی جانب سے بیان بازی کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں پاکستان مارچ سے متعلق کسی ونگ میں کوئی اختلاف نہیں ہے،تحریک انصاف کا لیبر ونگ مکمل طور پر پاکستان مارچ کی ناصرف حمایت کرتا ہے بلکہ اسکی تیاریوں میں بھی سرگرم ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ لیبر ونگ کی تقسیم سے متعلق خبریں پاکستان مارچ کے خلاف ایک سازش کا حصہ ہیں،تین ستمبر کو پورے پاکستان کے لیبر ڈویژن پاکستان مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔