کراچی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ، نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے وہ محفوظ رہے ‘چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے فیصل واڈا کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ فیصل واڈا پر حملے کی ٹائمنگ اہم اور تشویش ناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کراچی میں پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واڈا کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس میں فیصل واڈا مکمل طور پر محفوظ رہے۔ موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے گاڑی پر دونوں اطراف سے حملہ کیا اور 6,6 گولیاں فائر کیں۔ حملے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ میری گاڑی پر فائرنگ کی گئی ۔ گاڑی بلٹ پروف ہونے کے باعث محفوظ رہا۔ حملہ آوروں کی تعداد 4 تھی۔ میرے اسکواڈ میں شامل گارڈ کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے فیصل واڈ ا کی گاڑی پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ گاڑی پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی ۔ 2 موٹر سائیکلوں پر 4 حملہ آور سوار تھے۔ انہوں نے فیصل کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے فیصل واڈا کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ فیصل واڈا پر حملے کی ٹائمنگ اہم اور تشویش ناک ہے۔