اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شیل گیس کے 95 ٹریلین کیوبک فٹ ذخائر موجود ہیں جبکہ شیل آئل کے ذخائر کا اندازہ 14 ارب بیرل ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے حوالے سے یو ایس ایڈ نے سال 2014ء میں شیل تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کا کام شروع کیا گیا تھا اور پہلی سٹڈی رپورٹ کے مطابق ملک میں تیل آئل و گیس کے وسیع ذخائر کا انکشاف ہوا ہے۔ تاہم ابتدائی سٹڈی کے دوران سندھ ‘ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں ریسرچ نہیں کی گئی تھی لیکن ذخائر کی تلاش کے دوسرے مرحلے میں ان علاقوں میں بھی یو ایس ایڈ کی معاونت سے ریسرچ کا کام کیا جائے گا توقع ہے کہ اس سے ملک میں شیل تیل و گیس کے مزید ذخائر کا پتہ چلا لیا جائے گا جو مستقبل میں توانائی کی ملکی ضروریات کی کمیل اور تیل کی درآمدات میں کمی کے حوالے سے معاون ثابت ہوں گے۔