لاہو ر(این این آئی )ماہر تعمیرات نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ میں تبدیلی کو نا قابل عمل قرار دیدیا ،لاہورہائیکورٹ کی جانب سے11تاریخی مقامات پر اورنج لائن ٹرین کی تعمیرات روکے جانے کے معاملے پر ٹیکنیکل ٹیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی جس میں ٹیکنیکل ٹیموں نے اورنج لائن ٹرین کے روٹ میں تبدیلی کو ناقابل عمل قرار دے دیا ۔ ماہرین نے بتایا کہ تاریخی عمارتوں سے 200فٹ باہر تعمیرات کرنے کی شرط حکومت پنجاب کو بہت مہنگی پڑے گی کیونکہ تاریخی عمارتوں کے بچاؤ سے اورنج ٹرین کے بجٹ میں 72ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔اگر روٹ تبدیل کیا گیا تومزید 400گھر اور عمارتیں متاثر ہوں گی ،بہت سی جگہوں پر ترقیاتی کام 50فیصد سے زائد مکمل ہو چکا ہے ، اس کو مسمار کرکے پھر سے تعمیر کرنا پڑے گا جس سے اخراجات کئی گنا بڑھ جائیں گے۔جبکہ مزید مسمار کیے جانیوالے 400گھروں اور عمارتوں کے خاندانوں سے سیا سی مخالفین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔