لاہور ( این این آئی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بلوچ علیحدگی پسند براہمداغ بگٹی کیخلاف بغاوت ، نفرت ، ملک توڑنے اور صوبائیت کو ہوا دینے کے جرم میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دیدی گئی ۔ گزشتہ روز پاکستان جسٹس پارٹی کے چیئرمین منصب اعوان نے تھانہ پرانی انار کلی میں درخواست دی جس کے متن میں بتایا گیا ہے کہ 15اگست کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیلیویژن پر پاکستان کے خلاف خطاب کیا ۔ اپنے خطاب میں اس نے مخاطب کرتے ہوئے بلوچستان اور گلگت بلتستان کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور انہیں پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسایا ۔پاکستان میں لسانی اور صوبائی نفرت پھیلانے کی کوشش کی جو کہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستان کے قانون کے مطابق بھی نفرت ، بغاوت اور ملک توڑنے کی دفعات کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ جبکہ 16اگست کو نریندر مودی کی نفرت انگیز تقریر کی حمایت پاکستان کے براہمداغ بگٹی سکنہ ڈیرہ بگٹی نے بھی کر کے بغاوت اور نفرت اور ملک توڑنے کا مرتکب ہوا ہے ۔ لہٰذا گزارش ہے کہ نریندر مودی اور براہمداغ بگٹی کے خلاف بغاوت ، نفرت ، ملک توڑنے اور صوبائیت کو ہوا دینے کے جرم میں مقدمہ درج کیا جائے ۔