لاہور( این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے ماڈل تاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر اہم ملاقات کی جس میں حکومت کیخلاف تحریک سمیت آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بتایاگیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پاناما لیکس کیخلاف جاری تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیال اور تحریک کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی ۔شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر طاہر القادری کو اپوزیشن رہنماؤں سے رابطوں بارے پیشرفت سے بھی آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے طاہر القادری کو عمران خان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور دونوں رہنماؤں میں ملاقات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف احتساب کی تحریک میں عوامی تحریک ، تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ پہلے ہی شامل ہیں اورہماری خواہش ہے کہ پیپلزپارٹی بھی اس میں شامل ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو خبر ہے کہ محمود اچکزئی ، چوہدری نثار، مولانافضل الرحمن اور مونالا شیرانی کی تقاریر کے آرکیٹکٹ نواز شریف ہیں ۔اگست اور ستمبر اہم مہینے ہیں اور عوام کی اسی سال نواز شریف کی حکومت سے جان چھوٹ جائے گی۔