انقرہ (آئی این پی) سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں ترکی کے دورے پر گئے ہوئے پاکستان کے 8رکنی آل پارٹیز پارلیما نی یکجہتی وفد نے ترک پارلیمنٹ کا دورہ کیا اور اجلاس کی کارروائی میں دیکھی ۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ نے نشستوں سے کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہوئے پاکستانی وفد کا استقبال کیا ۔ ترک ارکان پارلیمنٹ نے 15جولائی کی ناکام بغاوت کے بعد اظہار یکجہتی کے لئے پاکستانی پارلیمنٹ سے قراردادیں پاس کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں پاکستان کے آل پارٹیز پارلیما نی یکجہتی وفد نے سپیکر ترک پارلیمنٹ اسماعیل کریمان سے ملاقات کی ۔ ترک سپیکر نے بتایا کہ جب ایف16طیاروں اور چار ہیلی کاپٹروں نے پارلیمنٹ پر بم گرایا تھا تو پارلیمنٹ کے کپتان کے طور پر کشتی کو ڈوبنے سے بچایا ،میں نے فوری طور پر ارکان پارلیمنٹ کو ایس ایم ایس کر کے بلاکر اجلاس شروع کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں پارلیمنٹ کے بعض حصوں کو نقصان پہنچایا گیا ۔پاکستانی قومی اسمبلی کے سپیکر نے مجھے ٹیلی فون کر کے واقعہ کی مذمت اور اظہار یکجہتی کیا۔ ترک سپیکر نے کہا کہ پاکستان کے دورے کا منتظر ہوں ، وہاں جا کر پاکستانی عوام اور ترک پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کروں گا ، اگر ترکی میں بغاوت کامیاب ہوجاتی تو اس کا اثر نہ صرف اسلامی ممالک بلکہ دیگر دنیا پر بھی پڑتا ۔گولن نے بغاوت کی منصوبہ بندی کی تھی ۔ ترک قوم جمہوریت پسند ہے جنگ کے زمانے میں بھی ترک پارلیمنٹ پر بمباری نہیں کی گئی ۔