پاراچنار (این این آئی)پاراچنار میں زہریلے پاپڑ کھانے سے سکول کے نوے بچوں کو بے ہوشی کے عالم میں ہسپتال پہنچادیا گیا ، انتظامیہ نے سکول کو سیل کرکے چوکیدار کو گرفتار کرلیا۔ پولیٹیکل حکام اور ہسپتال ذرائع کے مطابق پاراچنار شہر سے سات کلو میٹر دور کڑمان کے ایک نجی سکول میں بچوں نے کینٹین سے پاپڑ کھائے اور پانی پیا جس کے بعد بچے بے ہوش ہونا شروع ہوگئے نجی سکول کے نوے سے زائد بچوں اور بچیوں کو اب تک ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لائے گئے بچے زہریلی اشیاء کھانے سے متاثر ہوگئے ہیں تاہم علاج ملنے کے بعد متاثرہ بچوں کی حالت بہتر ہورہی ہیں سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سکول میں اس قسم کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ متاثرہ بچوں اور بچیوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاپڑ کھانے اور پانی پینے کے بعد انہیں قے آنا شروع ہوگئے اور وہ بے ہوش ہوگئے۔ پولیٹکل آفیسر شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ سکول کو سیل کردیا گیا ہے اور سکول کے چوکیدار کو حراست میں لیکر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ سماجی رہنما ابرار حسین جان نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے انتطامیہ سے مطالبہ کیا کہ شہر اور تعلیمی اداروں کے کنٹینوں کو غیر معیاری خوراک کی فراہمی روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔