اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک )محکمہ انسداد دہشت گردی نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے 2 کلو گرام بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ دہشت گرد خود کش حملے کی تربیت لے چکا تھا اور حملے کے لئے تیار تھا۔محکمہ انسداد دہشت گردی نے پشاور کے باچا خان چوک میں کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو خود ساختہ بم سمیت گرفتار کرلیا ۔ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے بتایا جاتا ہے۔ رحمٰن الدین کو خفیہ اطلاع پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ریڈیو پاکستان کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کررہا تھا۔ دہشت گرد سے 2 کلو وزنی خود ساختہ بم بھی برآمد ہو اہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق رحمٰن الدین سے ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد نے خود کش حملہ کرنے کی تربیت حاصل کر رکھی تھی اور اسے خصوصی طور پر حملے کے لئے تیار کیا گیا تھا۔ دہشت گرد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔