کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی تمام اوورسیز تنظیمیں تحلیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی تنظیمیں مشاورت اور پرفارمنس کی بنیاد پر بنائی جائیں گی۔ پیر کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں یورپی ممالک کے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ، سابق وزیر داخلہ سینیٹر عبدالرحمن ملک اور جمیل سومرو سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکمران بھول جائیں کہ پانامہ لیکس کی کرپشن ہضم کرلیں گے۔ پانامہ لیکس نے ہنگامہ برپا کیا لیکن ہمارے حکمران جواب دینے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتیں پوری طرح آواز بلند کررہی ہیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی تمام اوورسیز تنظیمیں تحلیل کردیں۔