لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان کے ٹارگٹ بدلتے رہتے ہیں لیکن ان کا اصل ہدف وزیراعظم کی کرسی ہے جس کے نہ ملنے پرمجھے ان سے ہمدردی ہے وہ اگر چاہیں تو میں انہیں اپنی جیب سے شیروانی سلوا کر دے سکتا ہوں وہ جہاں سے گزریں گے لوگوں سے کہیں گے کہ انہیں وزیراعظم کہنا شروع کردیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ چور دروازوں ، دھرنوں اور جھوٹے الزامات سے عزت نہیں ملتی۔ آزاد کشمیر کے انتخابات میں 32کے مقابلے میں 2سیٹیں حاصل کرنے والے لوگوں کو کیا بتائیں گے ۔یہ انتخابی نتائج عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ماضی میں بھی عمران خان کی طرف سے عائد کئے گئے دھاندلی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے جنہیں سپریم کورٹ نے رد کردیا ، آج پھر وہ کون سے احتساب کی بات کررہے ہیں پہلے وہ اپنے دائیں بائیں کھڑے جہانگیر ترین کا احتساب کرکے کروڑوں روپے کے قرضے واپس جمع کروائیں اور علیم خان سے قبضے واگذار کرکے لوگوں کی زمینیں واپس کروائیں پھر کسی احتساب کی بات کریں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی عمران خان کو ہدایت عطا کرے کہ وہ پہلے خیبرپختونخوا میں عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کریں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ کون سی تبدیلی کی بات کرتے ہیں کیا اسی خیبرپختونخوا میں ایک وزیر نے پولیس کی موجودگی میں انتخابی ڈبے نہیں اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام تر پراپیگنڈے کے باوجود وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر جاری ہے ، ساہیوال میں کوئلے سے بجلی کا منصوبہ اپنے وقت سے 7مہینے قبل مکمل ہونے جارہا ہے ، ٹیکسٹائل ملوں کو 24گھنٹے بجلی و گیس کی فراہمی جاری ہے ، اقتصادی راہ داری کا منصوبہ شروع ہونے جارہا ہے ، اورنج لائن ٹرین اور دیگر منصوبے مکمل ہورہے ہیں جبکہ عالمی جریدے اکانومسٹ میں پاکستانی معیشت کو پانچویں نمبر پرترقی و بہتری کی طرف جاتا ہوا قرار دیا جارہا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہم سب کو جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوانوں کو یاد رکھنا چاہیے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کی دعا کرنی چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈپٹی میئر کے انتخاب کے موقع پر قربانی دینے والے مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکنوں کو آگے لایا جائے گااور اہل کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں برسراقتدار آمر بلدیاتی نظام کو اپنی کرسی مضبوط کرنے کے لئے استعمال کرتے تھے پہلی مرتبہ ایک جمہوری حکومت بلدیاتی نظام کی مضبوطی کے لئے کام کرے گی۔حمزہ شہباز نے اندرون شہر لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بزرگ کارکن حاجی محمد فاضل کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ سابق ایم پی اے وسیم قادر ، سیکرٹری اطلاعات و نشریات عمران علی گورائیہ ، ملک رضوان فاضل، چوہدری نظافت ، سہیل پرنس، ملک سعادت علی بلو، کیپٹن(ر) شعیب، استاد ببرا، ملک شفیق اورمیاں قیصر پوما بھی موجودتھے۔