لاہور(آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اصل اپوزیشن عمران خان اور طاہر القادری ہی ہیں‘2016 وزیر اعظم نوازشریف کا آخری سال ہے دنیا کی کوئی طاقت انکو اقتدار کو نہیں بچا سکتی ‘پانامہ لیکس نے حکمرانوں کوپوری قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے ‘پانامہ لیکس کی پار لیمانی کمیٹی وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں عمران خان سے بھی کہوں گا وہ پار لیمانی کمیٹی میں نہ جائے ۔ اتوار کے روز گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشر یف اقتدار بچانے کیلئے اپوزیشن کو تقسیم کر نے کی بھی سازشیں کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے عزائم میں کسی صورت کا میاب نہیں ہوں گے اور جو اپوزیشن جماعت حکومت کا ساتھ دیگی وہ سیاسی موت مر جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الر حمن حکومت کیساتھ ہے مگرمجھے یقین ہے وہ وقت بھی ضرور آئیگا جب بھی اپوزیشن کیساتھ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے قوم کو سڑکوں پر آنا ہوگا ورنہ حکمران ملک اور قوم کو تباہ کر دیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشر یف کا اقتدار اسی سال ہی ختم ہو جا ئیگا اور اتحادیوں سمیت کوئی بھی نوازشر یف کے اقتدار کو ختم ہونے سے نہیں بچا سکتا کیونکہ قوم سڑکوں پر آچکی ہے ۔