لاہور(این این آئی )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل کمیشن رپورٹ شائع کی جائے، سیاست کے فرعون اقتدار پر قابض ہیں،حکومت عالمی سطح پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو نمایا ں نہیں کرسکی، پاک ترک سکولز بند کئے گئے تو پندرہ سو پاکستانی اساتذہ بے روز گار ہو جائیں گے، پاک ترک سکولز میں تیرہ ہزار پاکستانی بچے زیر تعلیم ہیں، ترکی حکومت کا سکولوں کو بند کرنے کا مطالبہ غیر سفارتی اور غیر قانونی ہے، پاکستان ترک سکولز چلانے والی کمپنی پاکستان میں رجسٹرڈ ہے، ان سکولز کی فنڈنگ بھی پاکستانی لوگ کرتے ہیں،پاک ترک سکولز میں پاکستانی اساتذہ پڑھاتے اور پاکستانی طالب علم پڑھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے سنی اتحاد کونسل آزاد کشمیر کے صدر مفتی محمد وسیم رضا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب میں بھی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن کا آغاز کیا جائے۔ خیبر پختونخوا میں حکومتی عہدیداروں کیلئے ذاتی کاروبار پر پابندی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ایٹمی تنصیبات کی جاسوسی کرنے والے امریکی جاسوس کو پھانسی پر لٹکایا جائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو کی ضرورت ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران کا تقرر میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیئے۔ حکومت مسئلہ کشمیر کے معاملہ پر منافقانہ پالیسی ترک کرکے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تشدد روکنے کیلئے مؤثر سفارتی کردار ادا کیا جائے۔ بھارتی حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیئے۔ کشمیریوں کی تحریک نازک موڑ پر ہے۔ اس موقع پر جارحانہ سفارتی مہم کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عوام خوشحال اور حکمران غریب پرور ہوں تو کو ئی بغاوت حکومت کا دھڑن تختہ نہیں کرسکتی۔ تخت گرانے اور تخت اچھالنے کا وقت آگیا ہے۔ حکومت مخالف تحریک منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔