اسلام آباد(آئی این پی )آزادجموں کشمیر کی صدارت کے لئے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار اور ممتاز سفارتکار مسعود خان نے اپنی نامزدگی کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے انہیں صدارتی امیدوار مسلم لیگ ن کی طرف سے نامزد کردیا ہے،جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں،میرے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی گئیں ،میں نے صدارتی امیدوار بننے سے قطعاً انکار نہیں کیا تھا،صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد کشمیری عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔گذشتہ روز سارک داخلہ کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طرف سے دیے گئے اعشایہ میں آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے مسعود خان نے اس بات کی تصدیق کی وزیراعظم نے انہیں آزادکشمیر کا صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جس پر مسلم لیگ ن کی قیادت کے مشکور ہیں،انہوں نے کہا کہ وہ جلد مظفرآباد جائیں گے جہاں وہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشاورت کے بعد کاغذات نامزدگی کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد وہ کشمیری عوام کی جذبات کی ترجمانی کریں گے اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے۔