اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین چوہدری محمد افضل نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے 37 لاکھ پاکستانیوں میں سے 90 فیصد ذاتی کاروبار کرتے ہیں ‘ انہیں کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں ہے ‘ چند کمپنیوں کے بلز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے چند ہزار پاکستانیوں کو تنخواہ کے مسائل ہیں ‘ خادم الحرمین کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے یہ مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔ وہ جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پاکستان اوور سیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر مشکل وقت میں سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ زلزلہ ہو یا سیلاب وہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے یہاں تک کہ پاکستان میں اگر معاشی مسئلہ بھی بنا تو سعودی عرب نے ہمارا ساتھ دیا۔ ہمیں بھی اب سعودی عرب کے ہر حال میں ان کا ساتھ دینا چاہیے اور دنیا کو دکھانا چاہیے کہ پاکستان سعودی عرب کا پکا دوست ہے۔ سب سے زیادہ مین پاور سعودی عرب میں پاکستان کی کام کر رہی ہے اور سعودی عرب والے بھی پاکستان کی مین پاور پسند کرتے ہیں۔ میں پیغام دیتا ہوں کہ جو بھی پاکستانی وہاں سعودی عرب میں موجود ہیں کہ گھرانے کی کوئی بات نہیں۔ ایسا کچھ نہیں ہے صرف کچھ سازشی عناصر نے یہ مسئلہ بنایا ہے یہ جلد ہی حل ہو جائیگا۔ ۔۔