لاہور ( این این آئی) لاہور ایئر پورٹ پر کسٹمز حکام نے چین سے170 قیمتی موبائل فون سمگل کرنے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کر کے سامان ضبط کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ نجی ائیر لائنز کی پرواز 891کے ذریعے چین کے شہر گانگ ژو سے لاہور آنے والا لاہور کا رہائشی مسافر نوید بھٹی آب زم زم کی خالی بوتلوں میں 170قیمتی موبائل فون چھپا کر سمگلنگ کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ کسٹمز اہلکاروں کے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزم نے بتایا کہ وہ چین کے شہر گانگ ژو سے نہیں بلکہ سعودی عرب سے لاہور پہنچا ہے اسی لیے اپنے ہمراہ آب زم زم کی بوتلیں بھی لایا ہے لیکن جب بوتلوں کی اسکیننگ کی گئی تو ان میں انتہائی مہارت کے ساتھ چھپائے گئے 170قیمتی برآمد ہوگئے۔کسٹمز حکام نے تمام موبائل فونز کو ضبط کر کے مسافر کو حراست میں لے لیا جس کے خلاف سمگلنگ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔