اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار اہلکاروں کی بحفاظت واپسی کیلئے ریاست کے وسائل کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ تمام عملے کی بحفاظت بازیابی کیلئے رسمی اور غیررسمی ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری ٹیم کے تحفظ کے بارے میں فکرمندی ہے جو ہیلی کاپٹر پر سفر کر رہی تھی ٗ ہم نے افغانستان کی حکومت سے ان کی بحفاظت اور جلد بازیابی میں مدد کیلئے باضابطہ درخواست کی ہے، عملے کے ارکان کے خاندانوں کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اور اس کے اداروں کی طرف سے ہر ایک رکن کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔