برلن(این این آئی)ترک وزارت خارجہ نے کہاہے کہ وزیر خارجہ مولو چاوش اولو کے جلاوطن ترک مبلغ فتح اللہ گولن کی دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیم کی پاکستان میں سرگرمیوں پر پابندی سے متعلق حالیہ دورہ پاکستان کامیاب رہا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نقرہ میں ترک وزارت خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اب پاکستان کے ساتھ صرف یہ طے کرنا باقی ہے کہ گولن تحریک کے اسکولوں کا انتظام کس طرح سے اور کس ترک ادارے کے حوالے کیا جائے۔ ترک حکومت ملک میں پندرہ جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کا ذمے دار امریکا میں مقیم ترک مبلغ فتح اللہ گولن کو قرار دیتی ہے۔ ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد صدر رجب طیب ایردوآن نے گولن تحریک سے منسلک ایک ہزار سے زائد اسکول ،بارہ سو فاؤنڈیشنیں، 35 طبی ادارے، 19 یونینیں اور 15 یونیورسٹیاں بند کرنے کا حکم دے دیا تھا۔