ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملتان کے علاقہ ہائی کورٹ چوک پر ڈینگی سپرے مہم کے لئے جا نے والی ٹیم پر گھر مالکان نے مبینہ طور پر کتے چھوڑ دیئے جس کی وجہ سے ایک خاتون اہلکار زخمی ہو گئیں۔ ،واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی سی او ملتان نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق مقامی زمیندار کے گھر سے ڈینگی برآمد ہو نے پر انسداد ڈینگی ٹیم کے سروے کے لئے گھر پہنچنے پر واقعہ پیش آیا ، معلوم ہوا ہے کہ ملتان کے علاقہ ہائی کورٹ چوک پر واقعہ مقامی زمیندار فضل گردیزی کے گھر انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں محکمہ ہیلتھ کے ملاز مین دوخواتین اور ایک مرد پر مشتمل ٹیم سروے کے لئے گئی تو گھر میں موجود پالتو کتے نے خواتین پر حملہ کر دیا اس دوران کتوں کے خواف سے خواتین بھاگیں تو ایک خاتون نادیہ چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئی۔ انسداد ڈینگی ٹیم نے اس سلسلے میں الزام عائد کرتے ہو ئے کہا ہے کہ گھر کے مالکان کی جا نب سے ان پر کتے کو چھوڑ ا گیا کیونکہ ان کے گھر سے ڈینگی برآمد کیا گیا تھا جبکہ دوسری جانب گھر مالکان کا کہنا ہے کہ برقعہ پوش خواتین کو دیکھ کر کتے نے ان پر حملہ کیا ہے جسے بروقت قابو کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس واقعہ پر ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ امکان ہے کہ گھر مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گھر کو سیل کر دیا جا ئے گا۔