اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں مسلح افواج جمہوری نظام کے حق میں ہیں ، یہاں کچھ میڈیا اور سیاستدان عناصر ایسے ہیں جو فوج کو بغاوت پر اکساتے ہیں ، یہ لوگ عوام کو آمریت کے دور میں آنے والے اندھیروں کے بارے میں نہیں بتاتے۔وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستانی فوج جمہوریت پسند اور جمہوری نظام کے حق میں ہے ، پاکستان میں کچھ عناصر آمرانہ ذہن رکھتے ہیں جن میں کچھ میڈیا کے عناصر اور سیاستدان بھی شامل ہیں، فوج کو اقتدار پر بغاوت کے لئے اکساتے رہتے ہیں ۔ پرویز رشید نے کہا کہ ترکی میں ثابت ہو گیا کہ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہی ہیں ۔ آمریت پسند میڈیا کے عناصر عوام کو ہر وقت جمہوریت کے نقصانات بتانے میں لگے رہتے ہیں مگر وہ عوام کو آمریت کے نقصانات اور اس دور کے اندھیروں کے بارے میں آگاہ نہیں کرتے جبکہ ملک نے ہمیشہ جمہوری دور میں ترقی کی ہے ۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ جمہوریت کے ثمرات منتقل کرنے میں وقت لگتا ہے مگر اتنا وقت جمہوریت کو دیانہیں جاتا۔