لاہور ( این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترکی میں ہونے والی بغاوت ترکی کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف سازش تھی اور ترک عوام نے اپنے اتحاد اور جذبہ حب الوطنی کے ذریعے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ یہاں ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ میں اپنی اور پاکستان کے عوام کی طرف سے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، ترکی کے وزیراعظم بن علی ایلدریم دیگر قیادت اور عوام کو جمہوریت کے خلاف سازش کی ناکامی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ترکی میں جمہوریت کے خلاف سازش کی ناکامی اس امر کا جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ ترکی کے عوام اپنے صدر رجب طیب اردوان اور جمہوریت سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک عوام نے اپنے عمل کے ذریعے عوام کی حاکمیت کے نظریئے پر مہر تصدق ثبت کرد ی ہے اور واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان عظیم عوامی رہنما ہیں اور ترک عوام اپنے لیڈر سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے جس طرح سڑکوں پر آ کر جمہوریت کو بچانے کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے، وہ ترک عوام کی جمہوریت سے غیرمتزلزل وابستگی کا اظہار اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس موقع پر ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں اور ترکی میں جمہوریت اور جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔