مظفر آباد (این این آئی)آزاد جموں وکشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے صدر اور وزیراعظم سمیت تمام وزراء کو پروٹوکول نہ دینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے صدر کو خط ارسال کرکے صدارتی دفتر کے وقار کو برقرار رکھنے کی درخواست بھی کی ہے۔ جمعہ کو الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس مصطفی مغل نے ایک آرڈر جاری کیا ہے جس میں چیف سیکرٹری کو کہا گیا ہے کہ صدرآزاد کشمیر سردار یعقوب ، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور آزاد کشمیر کے تمام وزراء کوسیاسی جلسوں میں شرکت سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور الیکشن مہم چلانے کے دوران گارڈز اور سرکاری پروٹوکول فراہم نہ کیا جائے اور مذکورہ شخصیات اگر سیاسی اجلاسوں میں شرکت کریں تو ان سے پروٹوکول واپس لیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ تمام کمشنرز کو مراسلہ ارسال کرکے الیکشن مہم کے دوران مذکورہ شخصیات کو سکیورٹی گارڈز اور پروٹوکول فراہم نہ کرنے کی ہدایت کی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے صدر آزاد جموں وکشمیر کو بھی ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے صدر سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی بیٹی فرزانہ یعقوب کی الیکشن مہم میں حصہ لینے سے اجتناب کریں اور صدارتی آفس کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں