لاہور( این این آئی ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شکر ہے نیب کو 15سال بعد توفیق ہوئی اور اس نے میرا نام خارج کیا ،ابھی میرے پاس حکومتی عہدہ ہے اسکی مدت پوری ہونے کے بعد ہو سکتا ہے جنرل (ر) پرویز مشرف سمیت نیب کے سربراہان کے خلاف قانونی کارروائی کروں ۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ کی طرف سے پندرہ سال بعد ناکافی شواہد پر منی لانڈرنگ کیس کی انکوائری بند کرنے کے فیصلے پر اپنے رد عمل میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ میرے علم میں تھاکہ شاید یہ معاملہ بند ہو چکا ہے لیکن 2015ء میں سپریم کورٹ میں 252کیسز کی فہرست پیش کی گئی اور اس میں دو کیسز میرے بھی شامل تھے ۔ اس پر میں نے بہت سخت رد عمل دیا اور واضح کیا کہ میرا سبب کچھ ڈیکلئرڈ ہے ۔ اور میں نے واضح کہا تھاکہ اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالت میں پراسیکیوٹ کریں ورنہ اسے ختم کریں ۔ شکر ہے نیب کو توفیق ہوئی ہے اور اس نے 15سال بعد اس نے میر انام خارج کرنے کا فیصلہ کیا او ریہ اس کا فرض تھا ۔ 15سال وقت ضائع کیا گیا ۔ میرے پاس ا س وقت حکومتی عہدہ ہے جب اس کی مدت پوری ہو جائے گی تو جنرل (ر) پرویز مشرف اور نیب کے دیگر سربراہان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔