اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے داسو ہائڈرو پاور منصوبے کے لئے 42 ارب روپے کی منظوری دیدی ٗ منصوبے کی تکمیل سے 4500 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق مالی سال 17۔2016 کے بجٹ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے رکھے گئے فنڈ میں سے حکومت نے داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لئے 42 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے ، اس منصوبے کو مرحلہ وار تعمیر کیا جائے گا ۔ پہلے حصے کی تعمیر سے 2160 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوجائے گی ۔ واضح رہے کہ مارچ 2014 میں نیشنل اکانامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے پہلے حصے کی تعمیر کی منظوری دی تھی اور اس کی تعمیری لاگت کا تخمینہ 4 ارب 27 کروڑ ڈالر لگایا گیا تھا ۔ ماہرین کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی تکمیل سے ملک میں ایک طرف تو توانائی بحران پر قابو پایا جاسکے گا تو دوسری جانب سستی بجلی اور پانی کو ذخیرہ کرنے میں مدد ملے گی ۔