نوشہرہ (این این آئی)ضلع نوشہرہ کے علاقے عشورآباد میں ایک 5 سالہ بچی کو مبینہ طور پر ریپ کے بعد گلے میں پھندا لگا کر ہلاک کردیا گیا۔واقعہ عیدالفطر کے تیسرے روز پیش آیا، مقتولہ کے والد نے بتایا کہ ان کے گھر میں فرج نہیں اس لیے ان کی بیٹی پڑوس سے برف لینے کیلئے گھر سے نکلی تھی۔انھوں نے بتایا کہ جب وہ ایک گھنٹے تک گھر واپس نہیں لوٹی تو اس کی تلاش شروع کی گئی انھوں نے مساجد میں اپنی بیٹی کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے اعلانات کرائے گئے اور رات بھر اس کی تلاش کا کام جاری رہا۔مقتولہ کے والد نے بتایا کہ دوسرے روز ان کی بیٹی کی لاش ان کے گھر کے قریب سے ملی۔انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے عید کا لباس پہن رکھا تھا اور قاتل نے اس کے لباس کو پھاڑ کر اس سے اس کا گلا دبا کر قتل کیا۔مقتولہ کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی لاش اس حالت میں ملی تھی کہ اس کی لاش خون میں لت پت تھی جبکہ اس کی ٹانگیں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی ایس پی) سرکل پیبی عدنان اعظم خان خیل نے بتایا کہ یہ انسانیت سوز واقعہ ہے جس کا مقدمہ آزا تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی مردان نے مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کیلئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی ہے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پولیس میڈیکل رپورٹ کا انتظار کررہی ہے۔