اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر دلہا بننے کا ارادہ کر لیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔ صحافی کے سوال پوچھنے پر عمران خان نے کہا کہ تیسری شادی کا سوچ رہا ہوں ، ہمت ہارنا میری فطرت نہیں۔ عمران خان نے جمائمہ سے شادی اور طلاق کے بارے میں کہا کہ جمائمہ سے شادی کے بعد وہ ان سے مکمل وفادار رہے۔ انہوں نے کہا کہ شریک حیات کیلئے سب سے تکلیف دہ بات بیوفائی ہوتی ہے۔ انٹرویو میں عمران نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ جمائمہ سے شادی کے دوران ان کے کسی اور خاتون سے تعلقات نہیں رہے۔ ریحام خا ن سے شادی کے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ جب تک بچے چھوٹے تھے شادی کا نہیں سوچا لیکن جب وہ بڑے ہو گئے تو ایک اور کوشش کا خیال آیامگر یہ شادی چل نہیں پائی۔ انہوں نے کہا کہ تیسری شادی کی تو زیادہ محتاط رہوں گا۔ تیسری شادی کیلئے شریک حیات کے سوال پر عمران خان نے کہا کہ بہت کم عمر لڑکی سے شادی نہیں کروں گا بلکہ ایسی شریک حیات ہونی چاہئے جو اپنی ذات سے آگے سوچے۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورتی ، فیشن اور گلیمر ان کے لئے کشش نہیں رکھتا۔