اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے 400الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے لئے بولیاں طلب کر لیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر استعمال کی جائیں گی ٗالیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس ضمن میں کنٹریکٹرز سے کہا کہ وہ 20جولائی تک مشینوں کے سیمپل جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی پینل نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی تھی کہ تجرباتی طور پر استعمال کرنے کے لئے ستمبر 2016ء تک الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدی جائیں۔ اس حوالے سے سب کمیٹی کے چیئرمین زاہد حامد نے کہا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب ہو گیا تو آئندہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے منعقد کرائے جائیں گے۔