ایبٹ آباد/ناران/مانسہرہ(آن لائن) لاکھوں سیاح ناران اور مانسہرہ کی سڑکوں پر پھنس گئے۔ پٹرول کی شدیدقلت۔ پانچ سوروپے لیٹرفروخت جاری۔ مقامی ذرائع کے مطابق مانسہرہ میں ہفتہ کی شام شدید بارش کی وجہ سے عیدالفطر کی تعطیلات منانے کیلئے ناران جانے والے لاکھوں سیاحوں کی گاڑیاں مانسہرہ، بالاکوٹ، کاغان اور ناران کے درمیان شدید بدنظمی کی وجہ سے پچھلے پندرہ گھنٹوں سے پھنسی ہوئی ہیں۔ مانسہرہ میں ایک کار کی چھت پر درخت گرنے سے کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ جبکہ کار میں موجود دولڑکیوں اور لڑکوں کو باحفاظت نکال لیاگیاہے۔ مانسہرہ میں نالائق قسم کے ٹریفک انسپکٹر کی تعیناتی کی وجہ سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کسی بھی قسم کے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے۔ اگر سڑک کے درمیان میں بلاک لگا کر ٹریفک کو دو حصوں میں تقسیم کردیاجاتا تو سیاح پریشانی سے بچ سکتے تھے۔ جبکہ ناران جانے والی ٹریفک کو بائی پاس کے ذریعے جبکہ ناران سے واپس آنیوالوں کیلئے براستہ سبزی منڈی ڈائیورٹ کیاجاتاتوٹریفک کو باآسانی کنٹرول کیاجاسکتاتھا۔ ذرائع کے مطابق مانسہرہ میں ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ ناران میں لاکھوں گرمی کے ستائے لوگوں کی آمدکی وجہ سے پٹرول کی انتہائی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ ناران میں پٹرول پانچ سو روپے لیٹر تک فروخت کیاجارہاہے۔