سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدکمانڈر برہان مظفر وانی اور انکے دو ساتھیوں کی شہادت کے بعد عوامی احتجاج کو روکنے کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بدستور معطل رہی ٗ مواصلاتی نظام مکمل طور پربندرہا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کٹھ پتلی انتظامیہ نے علاقے میں تمام موبائل اور انٹرنیٹ سروسز تاحکم ثانی بند کردی ہیں۔موبائل اور انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے عہدیدار نے بتایا کہ انہیں بھارتی فوسز کی جانب سے موبائل اور انٹرنیٹ خدمات تاحکم ثانی بند رکھنے کی ہدایات ملی ہیں لیکن خدمات بند رکھنے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے باعث صارفین خاص طور پر طلباء، سیاحوں ، پیشہ ور افراد باالخصوص صحافیوں اورتاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرا اورصارفین شدید غصے میں ہیں ٗبرہان مظفروانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے بعد وادی میں ریل سروس معطل کردی گئی ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے بارہمولہ اور بانہال کے درمیان چلنے والی ریل گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کردی ہے ٗ ہندؤں کی امرناتھ یاترا کو بھی روک دیا گیاہے۔ ادھر جموں و کشمیر بورڑ آف سکول ایجو کیشن اور سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کی جانب سے لئے جانے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کئے گئے ہیں۔