سرینگر (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 17افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کی طرف سے فائرنگ کے تازہ واقعے میں اتوار کے ضلع پلوامہ میں ایک اور نوجوان شہید ہوگیا جس سے مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی اور ان کے دو ساتھیوں کی شہادت کے بعد بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے مظاہرین کی تعداد 17ہوگئی ہے۔بھارتی پولیس نے اتوار کی صبح ضلع پلوامہ کے علاقے مورن میں کرفیوکو خاطر میں نہ لانے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ضلع کے علاقے نیہامہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان عرفان احمد ملک شدید زخمی ہوا اور وہ بعد میں ہسپتا ل میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔اس سے پہلے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے تین افراد سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔کٹھ پتلی انتظامیہ کے ایک افسر نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں 16 مظاہرین کے شہید 200 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی شہید ہونے والے مظاہرین میں ثاقب منظور میر، خورشید احمد، سفیر احمد بٹ، عادل بشیر،عبدالحمید موچی، دانش ایوب شاہ،جہانگیر احمد گنائی، اعجاز حسین، اعجاز احمد ٹھوکر، محمد اشرف ڈار، شوکت احمد میر، حسیب احمد گنائی، مشتاق احمد، عرفان احمد، الطاف راتھر اور زبیر احمد شامل ہیں۔