اسلام آباد (این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کیخلاف شدت جذبات کی وجہ اغواء برائے تاوان ، دہشتگردی کے واقعات ہیں ۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ واقعات زیادہ تر پشاور میں ہوتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مقامی باشندے جو شکایات کرتے ہیں وہ زیادہ تر افغان پناہ گزین کیمپ کی طرف سے آتی ہیں، پشاور میں جن لوگوں کو اغواء برائے تاوان کیلئے اٹھایا جاتا ہے انکا تاوان مانگنے کیلئے کالیں افغانستان سے آتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ افغان بزرگ جو کیمپوں میں ہیں وہ پولیس کی مدد کریں تاکہ مجرموں کو علیحدہ کیا جاسکے ۔ عمران خان نے کہا کہ افعان قانونی طور پر اچھے طریقے سے پاکستان میں رہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے متعدد میٹنگ افغان سفیر ،کے پی کی حکومت اور پولیس نے اس ضمن میں کی ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ افغان پناہ گزین افغانستان میں جنگی حالات کی وجہ سے پاکستان میں پناہ گزین ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کیلئے آسانیاں پیدا کریں ۔