صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ، چاروں گورنرز ،وزرائے اعلیٰ ،قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ،مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سمیت وفاقی و صوبائی وزراء ، سیاسی جماعتوں کے مرکزی و صوبائی قائدین نے عبد الستار ایدھی کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک و قوم کیلئے نا قابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا میں عبد الستار ایدھی جیسی ایک بھی شخصیت موجود نہیں ۔ اعلیٰ حکومتی شخصیات ، سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کا کہنا تھاعبد الستار ایدھی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم انہیں کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ عبد الستار ایدھی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کے لئے اثاثہ تھے انکے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔