پشاور(این این آئی)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، خیبر پختونخوا نے محکمہ موسمیات کی جانب سے عید الفطر آیام کے دوران کی گئی پیشنگوئی کے تناظر میں ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیئے ہیں اورکسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر لیئے جائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دنوں میں ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں مون سون کی مزید موسلادھار بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں میں دریاؤں اور نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مون سون کے دوران تمام دریاؤں میں نہانے،درخت یا لکڑی و دیگر سامان پکڑنے پر پابندی عائد کی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ عید کے دنوں میں دریاء کے پانی میں جانے اور نہانے سے گریز کریں جبکہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو عمل درآمد کے لئے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے چترال کے متاثرہ عوام کو ریلیف کا سلسلہ جاری ہے ۔ تمام متاثرہ عوام کو ضروری غزائی راشن کے علاوہ صاف پانی پینے کے نظام کی بحالی کیلئے 1500 فٹ پائپ فراہم کر دیا گیا ہے۔ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے جان بحق افراد کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ مزید 2 افراد کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے جیسے تدفین کے لئے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اب تک 18 افراد کی لاشوں کو نکالا جا چکا ہے۔