کراچی (آئی این پی)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے صدر اور کلفٹن سمیت کراچی شہر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ شہر ی کھل کر عید منائیں، شاپنگ کریں، محافظ موجود ہیں۔ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے عید سے قبل حالات کا جائزہ لینے کیلئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا، سب سے پہلے وہ پہنچے صدر کی زینب مارکیٹ۔ جہاں شہریوں نے انھیں اپنے درمیان پاکر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ڈی جی رینجرز نے شہریوں اور دکانداروں سے ملاقات کی اور ان سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈی جی رینجرز نے کہا کہ شہر میں 2 قوتیں ہیں ایک امن کے ساتھ اور ایک خلاف ہے۔ان کی جنگ امن کے خلاف قوتوں سے ہے۔ ڈی جی رینجرز نے بتایا کہ امجد صابری اور اویس شاہ کے اغوا کے معاملے میں ٹھوس شواہد موجو دہیں۔ڈی جی رینجرز نے کراچی کے شہریوں سے کہا کہ وہ اداروں پر اعتماد کریں اور کْھل کر عید منائیں اور شاپنگ کریں۔ ڈی جی رینجرز نے کسی بھی مشکوک حرکت یا شخص کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دینے کی اپیل کرتے ہوئے عوام کو عید کی مبارک باد بھی دی۔بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز پر ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پولیس کے ساتھ مل کر بھرپور کام کر رہے ہیں اور شہر میں ہاٹ اسپاٹس بنائے گئے ہیں۔ اس کے تدارک کے لیے پولیس کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں، ڈی جی رینجرز کے دورے کے موقع پر لوگ ان کے ساتھ سیلفیز بھی لیتے رہے۔