لاہور ( این این آئی) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کی خبریں نشر ہونے پر برہم ہو گئے ، غصے میں آکر ٹیلی فون کی تاریں بھی نکال دیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت جاری تھا کہ ملک کے مختلف حصوں سے شہادتیں موصول ہونے کی خبریں سامنے آئیں ۔ جس کے بعد مفتی منیب الرحمن میڈیا پر برہم ہو گئے اور کہا کہ میڈیا بلاوجہ لوگوں کو چاند کے بارے میں گمراہ نہ کریں۔ جیسے ہی کوئی شہادت موصول ہوئی قوم کو آگاہ کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ کروڑوں مسلمانوں کے روزوں اور عبادت کا مسئلہ ہے اس کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے بتایا گیا کہ چاند نظر آنے کی شہادتیں محکمہ اوقاف کے پی او آر کی جانب سے دی جا رہی ہیں ۔ جس پر انہوں نے شہادتیں دینے والوں کے نام ور نمبر نوٹ کرنے پر مامور محکمہ اوقاف کے اہلکار پر بھی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہو کوئی چیئرمین بنا ہوا ہے ۔ نکلو یہاں سے ۔ جس کے بعد انہوں نے ٹیلی فون کی تاریں بھی نکال دیں۔