راولپنڈی/بنوں/میرانشاہ(آئی این پی )سیاستدان سوچتے رہ گئے،جنرل راحیل شریف ایک بارپھر سیاستدانوں پر بازی لے گئے،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بنوں کے بکا خیل کیمپ میں عارضی بے گھر افراد کے ساتھ دن گزارا اور ان کی گھروں کو واپسی ، دوبارہ آباد کاری اور ترقیاتی کاموں کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ۔آرمی چیف نے آئی ڈی پیز کے ساتھ افطاری بھی کی ۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے آرمی چیف کا استقبال کیا ، آرمی چیف کو کورکمانڈر اور فارمیشن کمانڈر کی طرف سے آپریشن کے بعد سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو شمالی وزیرستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آپریشن کے باعث بے گھر افراد کی واپسی اور بحالی کے امور سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے عزم کو دہرایا کہ بحالی کے جامع پلان کے تحت آئی ڈی پیز کا معیار زندگی بہتر بنایا جائے گا ۔ بعد ازاں آرمی چیف نے شام بنوں کے بکا خیل کیمپ میں عارضی بے گھر افرا د کے ساتھ گزارااس دوران انہوں نے آئی ڈی پیز کے ساتھ افطاری کی اور ان کی گھروں کو واپسی ، دوبارہ آباد کاری اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ۔