اسلام آباد (این این آئی)جاپان پاکستان میں سیکیورٹی کی بہتری کیلئے ایئر پورٹس پر چہرے کی شناخت کرنے والے سسٹم کی تنصیب کیلئے 205 ملین روپے کی گرانٹ فراہم کرے گا۔ یہ گرانٹ ’’اقتصادی و سماجی ترقیاتی پروگرام‘‘کے تحت فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔چہرہ شناخت کرنے والا سسٹم کمپیوٹر ایپلیکیشن پر مشتمل ہے جو ویڈیو کیمرہ سے لی گئی کسی بھی انسانی ڈیجیٹل تصویر کی شنا خت اور تصدیق کر سکتا ہے ۔یہ گرانٹ ترقی پزیر ممالک میں سیکیورٹی کی بہتری اور انسداد دہشت گردی کی غرض سے اقتصادی اور سماجی ترقی کے فروغ کیلئے فراہم کی جاتی ہے۔اسکے علاوہ جاپان سیکیورٹی کے شعبے میں کئی منصوبوں پر عملدرآمد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔جاپانی تعاون سے کراچی،لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس پر ایکس ر ے سکیننگ ڈیوائسز نصب کی گئی ہیں۔