راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی سینٹ آرمز سروسز کمیٹی کے چیئرمین جان مکین کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے پاک فوج کی کامیابیوں کے بارے میں آگہی حاصل کی۔ اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق امریکی وفد سینیٹر لنڈسے گراہم اور جوئے ڈونلے شامل تھے۔ امریکی وفد نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں دہشت گردوں سے پاک کئے گئے علاقوں کا دورہ کیا۔ دہشتگردوں سے پاک کرائے گئے علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوںٗ کمیونیکیشن اور انفراسٹرکچر کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد وفد نے پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے پورے علاقہ کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے پر پاک فوج کی بھرپور تعریف کی۔ امریکی سینیٹرز نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے کئے گئے بحالی کے کام سے اپنے علاقے میں واپس آنے والے قبائلیوں کی عز م و احترام سے دوبارہ بحالی یقینی بنائی جاسکے گی بعد میں وفد نے زخمی سپاہیوں اور افسران سے ملاقات کی جو آپریشن ضرب عضب کے پہلے مرحلے میں شدید زخمی ہوئے اور دوبارہ رضاکارانہ طور پر میدان جنگ میں آگئے ہیں۔ وفد نے تمام پاکستان فوجیوں کے عزم اور ان کی مادر وطن کیلئے بے مثال قربانیوں کو سراہا۔