پشاور (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چترال کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ا یم اے کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف سرگرمیوں کی ہدایت کرتے ہوئے امدادی کارروائیوں کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر دے دیا‘وزیراعلیٰ نے متاثرین سیلاب کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم جاری کردی جبکہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے فی کس تین لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چترال کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر پی ڈی ایم اے کے حوالے کردیا اور ہنگامی بنیادوں پر ریلیف سرگرمیوں کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے فی کس تین لاکھ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ڈی ایم اے چترال کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرین کی بھرپور امداد کو یقینی بنائے۔ متاثرہ خاندانوں کی جلد بحالی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین کی خوراک اور رہائش کے انتظامات کے لئے ڈیڑھ کروڑ روپے بھی جاری کئے۔ (ن غ)