پشاور (آئی این پی ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے اور یہ کسی صورت چھوٹے صوبوں کیلئے قابل قبول نہیں۔ایک بیان میں انھوں نے چیئرمین واپڈا کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بیانات سے وفاقی اکائیوں میں بے چینی پھیل رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ یہ بیان چیئرمین واپڈا کسی کے ایما پر دے رہا ہے جو کہ آئندہ الیکشن کے نعرے کے طور پر استعمال ہوگا۔انھوں نے کہاکہ ملک کے تین اکائیوں نے پہلے ہی اس متنازعہ منصوبہ کو مسترد کردیا ہے اور اس مردہ گھوڑے میں دوبارہ جان ڈالنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انھوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم وادی پشاور کیلئے تباہی کا منصوبہ ہے اور اس سے بہت سی مشکلات پیدا ہو نگی ۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ بھاشا ڈیم پر توجہ دی جائے جس سے نہ صرف توانائی کے مسائل پر قابو پایا جائے گا بلکہ اس منصوبے کے مکمل ہونے سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا ہو گی ۔