کراچی(آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں شوکت خانم ہسپتال کی فنڈریزنگ تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پر کراچی کے شہریوں نے ایک گھنٹے کے لئے ہسپتال کے لئے 12 کروڑ روپے عطیہ کر دیئے جس پر عمران خان نے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کینسر کے مریضوں کی بڑی تعداد ہے ، شوکت خانم ہسپتال کے ذریعے غریبوں کا مفت علاج ہو گا ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں شوکت خانم کی جانب سے فنڈ ریزنگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عمران خان نے شرکت کی ،تقریب میں ایک گھنٹے کے دوران شوکت خانم کو کراچی کے شہریوں کی جانب سے 12کروڑ روپے عطیہ کیے گئے۔جس پر عمران خان کاکہناتھا کہ لوگ پاکستان مسلم لیگ نو ن کی جانب سے شوکت خانم پر شیطانی ہدف بندی پر ریکارڈ فنڈ دے کر اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں ۔میاں صاحب علاج کے لئے باہر گئے ہیں پتہ نہیں آئیں کہ نہ آئیں ، امید کرتے ہیں کہ واپس آجائیں گے ، میں اپنی والدہ کو لیکر باہرگیا تھا جانتا ہوں کہ علاج کتنا مشکل ہے ، شوکت خانم ہسپتال کراچی میں کینسر کے غریب مریضوں کا مفت علاج ہو گا ۔