ملتان(آئی این پی)ممتازعالم دین مفتی عبدالقوی نے کہا ہے کہ میرے مریدین مشتعل ہیں،قندیل عید پر ملتان آنے کی غلطی نہ کریں۔قندیل بلوچ کا معاملہ اللہ کے سپردکردیا ہے ۔ان کے معافی نامے کے 5میسجز آنے پرمیں نے انہیں کھلے دل سے معاف کردیا ہے جبکہ اداکارہ وماڈل قندیل بلوچ کا کہنا ہے کہ عید پر میں ملتان آؤں گی ،مجھے ملتان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔مفتی صاحب کو ن ہیں،ساری دنیا جانتی ہے۔میں نے بھی مفتی صاحب کو معاف کردیا ہے۔میں ان کے معاملات سے الگ ہوکر اپنی فیلڈ میں رہنا چاہتی ہوں۔آئی این پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ممتازعالم دین مفتی عبدالقوی نے کہا ہے کہ ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر میری توہین کرنے پر میرے ہزاروں مریدین قندیل بلوچ کیخلاف بہت مشتعل ہیں۔قندیل عید پرمیرے پاس آنے کی غلطی نہ کریں ۔اگر محترمہ قندیل بلوچ میرے پاس آنا چاہتی ہیں تو حالات کو مدنظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ قندیل بلوچ کا معاملہ مسجد میں بیٹھ کر اللہ کے سپردکردیا ہے ۔ان کے معافی نامے کے میرے موبائل پر5 میسجزآنے پر میں نے کھلے دل سے انہیں معاف کردیا ہے ۔اللہ تعالی انہیں ہدایت عطاء فرمائے۔انہوں نے کہا کہ قندیل بلوچ نے ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے،اب ان کے ملتان آنے پر استقبال کرنے کا کوئی اخلاقی جوازباقی نہیں رہا۔میں نے محترمہ سے ملاقات کے بعد بھی اپنے کمرے سے انہیں عزت واحترام سے روانہ کیا تھا۔اب بھی میرا مشورہ یہی ہے کہ وہ میرے پاس آنے کی غلطی نہ کریں۔دوسری طرف ماڈل واداکارہ قندیل بلوچ نے آئی این پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مفتی صاحب نے میرے آئندہ کے کیرئیر کو کافی نقصان پہنچایاہے ۔ان کے بارے میں ساری دنیا جانتی ہے کہ وہ کیا ہیں۔عید پر ملتان ضرور آؤں گی۔مجھے ملتان آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔مفتی صاحب کے مسئلے پر اب کوئی بات نہیں کرنا چاہتی ۔میں نے بھی انہیں معاف کردیا ہے۔میرا یہ فیلڈ نہیں ہے۔مجھے اپنی فیلڈ میں رہنا اچھا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ کچھ لوگ روڑے اٹکارہے ہیں لیکن قندیل کا سفر رکنے والا نہیں ہے۔