اسلام آباد (لاین این آئی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ (آج) ہفتہ سے شروع ہو گا۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آ باد ، راولپنڈی، گوجرانوالہ سمیت ملک کے بالائی علاقوں ،خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں آج سے پیر کے دوران تیز ہواوں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے جس کے باعث پنجاب اور کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور بڑے شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ سندھ میں بھی بارش کا سلسلہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی بارشوں اورگلیشئر پگھلنے سے چترال، گلگت، غذر اور شگر کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) ہفتہ سے پیر کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، کشمیر (مظفرآباد، میرپور، پونچھ ڈویژن) اور فاٹا (کْرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، شمالی اور جنوبی ایجنسیوں) میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اس دوران ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش ہو گی۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا تاہم اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، کشمیر (مظفرآباد، میرپور، پونچھ ڈویژن) اور فاٹا (کْرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، شمالی اور جنوبی ایجنسیوں) میں اکثر مقامات پر جبکہ ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم فاٹا اور مالاکنڈ ڈویژن میں ایک دو مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں تین جبکہ دیر میں دو ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔