اسلام آباد(آئی این پی )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا میں سٹریٹ چلڈرن سینٹرز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں مثال بنائیں گے کہ ریاست یتیم بچوں کی ذمہ داری لے ، اگر وزیراعظم کا احتساب نہیں کرنا تو پھر کسی کا بھی نہ کریں ، اگر ٹی او آرز کا معاملہ حل نہ ہوا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ وہ جمعرات کو سٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سٹریٹ چلڈرن سینٹرز کھولیں گے ، زمرد خان وہ کام کر رہے ہیں جو ریاست کو کرنا چاہیے ،مغرب کی فلاحی ریاست اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلاحی ریاست کا آئیڈیا سب سے پہلے مدینہ کی ریاست میں آیا تھا، مدینہ میں غریبوں ،یتیموں اور بیواؤں کی ذمہ داری ریاست نے لی ، بدقسمتی سے ہماری روایتیں مغرب میں چلی گئی ہیں ، پختونخوا میں مثال بنائیں گے کہ ریاست یتیم بچوں کی ذمہ داری لے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے بچوں کو نیچے سے اوپر لے جائیں گے ، جب ان بچوں کو سہولیات دیں گے تو یہ آگے نکل جائیں گے ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم کا احتساب نہیں کرنا تو پھر کسی کا بھی نہ کریں ، اگر ٹی او آرز کا معاملہ حل نہ ہوا تو عید کے بعد سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔